نیورو انسٹی ٹیوٹ و یونیورسٹی آف میسوری امریکہ کے درمیان تربیتی پروگرام کا معاہدہ،پوسٹ گریجویٹ فیلوز نیورو سرجری میں جدید مہارت کیلئے امریکہ جائیں گے:پروفیسر آصف بشیر

نیورو انسٹی ٹیوٹ و یونیورسٹی آف میسوری امریکہ کے درمیان تربیتی پروگرام کا معاہدہ،پوسٹ گریجویٹ فیلوز نیورو سرجری میں جدید مہارت کیلئے امریکہ جائیں گے:پروفیسر آصف بشیر

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور اور یونیورسٹی آف میسوری امریکہ کے مابین نیورو اینڈو ویسکولر فیلڈ میں مشترکہ تربیتی پروگرام کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان سے پوسٹ گریجویٹ فیلوز نیورو سرجری کے شعبے میں جدید ترین مہارت حاصل کرنے کے لیے امریکہ کی یونیورسٹی آف میسوری جائیں گے اور وہاں دماغی امراض کے جدید علاج معالجے کے حوالے تربیتی کورس میں حصہ لیں گے اور یہ پروگرام نیورو سرجری میں پاکستان کے میڈیکل شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ پی آئی این ایس کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان صدیق اور یونیورسٹی آف میسوری کے چیف ریزیڈنٹ مائیکل اورٹس نے فیلو شپ پروگرام کے حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر کے ہمراہ ایم او یو پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر “پنز”پروفیسر آصف بشیر نے کہا کہ ہم بین الاقوامی اداروں کے ساتھ دو طرفہ اشتراک اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان میں نیورو سرجری کے شعبے میں جدید سے جدید تکنیکی امور کو اختیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پاکستان کی جانب سے ورلڈ فیڈریشن آف نیورو سرجری کانفرنس میں 6 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے ہیں جو کیپ ٹاؤن جنوبی افریقہ میں منعقد ہوئی۔ پروفیسر آصف بشیر کا کہنا تھا کہ ہم فالج کے مریضوں کے لئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں سٹروک انٹروینیشن پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے فالج کے مریضوں کو فوری علاج معالجہ میسر ہو سکے گااور وہ جسمانی معذوری سے بچ سکیں گے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز نے کہا کہ ہم اپنے نوجوان نیورو سرجنز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ترقی کریں اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کریں۔ تقریب میں پروفیسر جودت سلیم، ڈاکٹر اسد شاہ اور ینگ نیورو سرجنز کثیر تعداد میں موجود تھے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں