لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے لحاظ سے پاکستان تیسرے نمبر پر آ گیا جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔انہوں نے پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ نرسنگ سلیبس کے ابتداء میں ذیابیطس کے مریضوں کی نگہداشت و مینجمنٹ کے حوالے سے مضمون شامل کیا جائے تاکہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتے ہوئے اس مرض کی روک تھام اور مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے سبجیکٹ سپیشلسٹ نرسز تیار کی جا سکیں لہذا ذیابیطس سپیشلائزیشن ڈپلومہ کا اجراء وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور اس اقدام سے نئی آنے والی نرسز کو ابتدا میں ہی ذیابیطس کے مریض کی بہتر نگہداشت کے حوالے سے مکمل آگاہی و معلومات ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ تھری کے زیر اہتمام عالمی یوم ذیابیطس کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ پروفیسر غیا ث النبی طیب،پروفیسر اسرار الحق طور،ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل،ڈاکٹر غیاث الحسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور نوجوان ڈاکٹرز کو ذیابیطس کے مریضوں کے جدید طریقہ علاج بارے آگاہی دی۔مقررین نے کہا کہ ذیابیطس کی تشخیص کے لئے خون کا ایک قطرہ ہی کافی ہوتا ہے لہذا لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے با خبر رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے کم از کم سال میں دو مرتبہ اپنا طبی معائنہ او ر خون کی سکریننگ لازمی کروائیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں اور کسی عارضے کی صورت میں بر وقت علاج معالجہ شروع کیا جا سکے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ فاسٹ فوڈ،کولڈرنکس اور میٹھی اشیاء بیماریوں کا سبب ہیں جو ہم خطیر رقم خرچ کر کے ذاتی طور پر خریدتے ہیں جو مذکورہ اشیائے خورد و نوش کے ساتھ کچھ عرصے بعد پیچیدہ بیماریوں کی شکل میں نمودار ہوتی ہیں اور دوبارہ ہمیں اپنی صحت کی بحالی اورعلاج معالجے پر بھاری اخراجات اٹھانے پڑتے ہیں۔انہوں نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگ زندگی کے نصب العین پر نظر ثانی کریں اور کھانا پیٹ بھر کر کھانے کی بجائے زندہ رہنے کے لئے کھائیں تاکہ وہ کم خوراکی سے موٹاپے، ذیابیطس،بلند فشار خون اور امراض قلب سے محفوظ رہ سکیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کی سکریننگ کا عمل معاشرے کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے اور سٹوڈنٹس کی بلڈ سکریننگ اور امراض چشم کے معائنے سے بہت سی بیماریوں کا ابتداءمیں ہی تدارک کیا جا سکتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی پی جی ایم آئی،اے ایم سی اور ایل جی ایچ بیماریوں کی روک تھام،عوامی شعور اجاگر کرنے اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کے مشن کو جاری رکھے گا جس کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔پرنسپل جنرل ہسپتال نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے خصوصی لیکچرز دینے پر پروفیسر غیاث النبی طیب،پروفیسر اسرار الحق طور و دیگر طبی ماہرین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر ڈاکٹرز کے نالج کو اپ ڈیٹ اور مریضوں کی صحت کی بہتری کے لئے اپنے تجربے سے مستفید کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر حافظ احسان اللہ نوجوان ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔