اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاک فضائیہ کی جانب سے متاثرین سیلاب کی طبی امداد اور بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی مددکا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے مصائب سے بخوبی آگاہ اور ان کی طبی امداد اور بحالی کے لیے جاری کوششوں میں ہر ممکن مددکر رہی ہے۔پاک فضائیہ کی خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی اور بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری ہے۔پاک فضائیہ کے میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تشخیص کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق وبائی امراض پر قابو پانے کی غرض سے پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیمیں طبی سہولیات کی بر وقت فراہمی میں مصروف عمل ہے۔پاک فضائیہ کی جانب سے اٹھل، لاکھڑا،مٹیاری،شہداد کوٹ،صحبت پور،قلعہ عبداللہ سمیت کئی دور دراز علاقوں کے ضرورت مند خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے 17740 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 207 پانی کی بوتلیں ، 1350 خشک راشن کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے،پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں کا 400 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔پاک فضائیہ قدرتی آفات کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے حالیہ امدادی کارروائیاں،پاک فضائیہ کے اس عزم کا عملی نمونہ ہیں کہ ہر ضرورت کی گھڑی میں پاک فضائیہ عزیز ہم وطنوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔