اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا ہے،جس کے تحت ملک کے 40 لاکھ گھرانوں کو رقم فراہم کی جائے گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں”رمضان پیکیج “کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رواں برس 40 لاکھ خاندانوں(جو تقریباً 2 کروڑ افراد بنتے ہیں)کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے فی گھرانہ دیے جائیں گے۔انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس رمضان المبارک میں مہنگائی ماضی کے مقابلے میں کم ہے،رمضان پیکیج کے لیے اس سال حکومت نے 20 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، جس سے 40 لاکھ پاکستانی گھرانوں کو فائدہ ہو گا،گزشتہ برس یہ رقم 7 ارب روپے تھی،جس میں اس سال 200 فی صد اضافہ کر کے 20 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان پیکیج پورے پاکستان کے لیے بلا تفریق متعارف کروایا گیا ہے،کراچی سے گلگت تک تمام صوبوں کے شہروں،آزاد جموں و کشمیر کے مستحق خاندانوں کو اس پیکیج میں شامل کیا گیا ہے،اس پیکیج کو شفاف بنانے کے لیے سٹیٹ بینک،نادرا،ٹیک اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،میں ان تمام اداروں کا شکر گزار ہوں،جنہوں نے محنت کر کے رمضان پیکیج مستحق لوگوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم یوٹیلیٹی سٹورز سے جان چھڑوا رہے ہیں،انہیں بہتر بناکر ان کی نجکاری کی جائے گی، اس سال رمضان پیکیج کے لیے لائنیں نہیں لگیں گی بلکہ با عزت طور پر لوگوں کو ڈیجیٹل والٹ سے ریلیف مل جائے گا، یوٹیلیٹی سٹورز میں بدترین کرپشن کی جاتی تھی،اب نظام بن چکا ہے،اس رمضان پیکیج کی نگرانی بھی کی جائے گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ عوام کے لیے ملک کے اداروں کی کوشش قبول فرمائے،رمضان کی برکت سے پاکستان سے دکھ،تکالیف اور پریشانیوں کا خاتمہ ہو،پاکستان پائندہ باد۔
