لاہور ( وقائع نگار) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پروگرام اور سرگرمیوں میں شمولیت کیلئے معروف تنظیم پنک ربن پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر ارفع کریم ٹاور میں پنک ربن پاکستان اور پنجاب کی 6 خواتین یونیورسٹیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب کا بنیادی مقصداس بات کو اجاگر کرنا ہے کہ عام خواتین کوبریسٹ کینسر کے بارے میں معلومات نہیں ہوتی،جس کے باعث ابتدائی سٹیج پر بریسٹ کینسر کی تشخیص نہیں ہو پاتی۔ہم خواتین یونیورسٹیز میں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پروگرام اور سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے ۔پنک ربن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب پنجاب ایچ ای سی کی طرف سے حوصلہ افزاتعاون ملنے پر ڈاکٹر شاہد منیر کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ ناز، ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، راولپنڈی وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ کمال ، گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کی وائس چانسلر ڈاکٹر زریں فاطمہ رضوی وومن صادق یونیورسٹی بہاولپور کی رجسٹرار ڈاکٹر فاطمہ مظہر اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاون فیصل آباد سے ڈاکٹر سلمہ نے شرکت کی ۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق خواتین کی یونیورسٹیز پنک ربن کو اکیڈمک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس، کیس اسٹڈیز اور ہسپتال کے بزنس ماڈلنگ کے لیے سپورٹ کرے گا۔ مشترکہ طور پر سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے جن میں چھاتی کے کینسر کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرنے کا تصور کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے یونیورسٹیز طلباء، فیکلٹی اور سابق طلباء کو مہم کی تکمیل کے لیے تعاون کرنے اور فنڈز جمع کرنے کی ترغیب دے گا۔ایک فوکل پرسن کو یونیورسٹی میں تمام فعال طلباء کے ساتھ سرگرمیوں اور مواصلات کا انتظام کرنے کے لیے نامزد کرے گا۔پنک ربن طلباء کے لیے مستقبل میں انٹرن شپ کے مواقع کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں گے۔ تقریب میں ڈاکٹر تنویرقاسم، ڈاکٹر آصف منیر اور راونعمان نے بھی شرکت کی
