صوبائی دارلحکومت لاہور کے پرائمری سکولز میں زیرتعلیم 20 لاکھ سے زائد بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے مستقل بنیادوں پر آگاہی مہم چلائی جائے گی

صوبائی دارلحکومت لاہور کے پرائمری سکولز میں زیرتعلیم 20 لاکھ سے زائد بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے مستقل بنیادوں پر آگاہی مہم چلائی جائے گی

لاہور(وقائع نگار) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر صوبائی وزارت تعلیم پنجاب اور تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کرومیٹک کے زیراہتمام انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں لاہور کے تین سو سے زائد سرکاری اور پرائیویٹ سکولز کے پرنسپلز اور ٹیچرز شریک ہوئے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی، ممبر پنجاب اسمبلی اور ٹوبیکو کنٹرول ایمبیسیڈر فار پاکستان آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ بارہ سو سے زائد بچوں کا تمباکو نوشی شروع کرنا تشویشناک ہے۔ سکول کے بچوں کو تمباکو نوشی سے محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ سکول کے بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے مستقل بنیادوں پر پنجاب بھر کے سکولز میں آگاہی مہم چلائی جائے گی اور اس سلسلے میں سکولز میں آگاہی پوسٹرز آویزاں کرنے کے ساتھ دیگر آگاہی طریقہ کار بھی اپنائے جائیں گے۔ آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ بچوں کو تمباکو نوشی کی لعنت سے محفوظ بنا کر ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایت پر اساتذہ اور والدین کی رابطہ کاری کے لئے بنائے گئے واٹس ایپ گروپس میں تمباکو نوشی کے نقصات اور بچوں پر اس کے اثرات کے حوالے سے آگاہی پیغام کو پھیلایا جائے گا تاکہ لاہور کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولز میں زیرتعلیم 20 لاکھ سے زائد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی سلطان باجوہ اور ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں لاکھوں بچے تمباکو نوشی کی لعنت میں مبتلا ہو کر نہ صرف اپنا مستقبل تباہ کررہے ہیں بلکہ اس کے اثرات معاشرے پر بھی پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لئے سب کا مل کر کام کرنا ضروری ہے اور اس حوالے سے اساتذہ اور والدین مل کر تمباکو نوشی سے محفوظ اور صحت مند پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر کرومیٹک کے سی ای او شارق خان نے تمباکو نوشی کے خلاف سنجیدہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کرنے پر آمنہ حسن شیخ سمیت دیگر ممبران پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزارت تعلیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شریک ممبران اسمبلی اور دیگر شرکاء نے تمباکو نوشی کے خلاف موثر کردار ادا کرنے پر کرومیٹک کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تمباکو نوشی کے ناسور کے خاتمے کے لئے کرومیٹک کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں