لاہور(کرائم رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب)کا جعلی چیئرمین بن کر شہریوں کو لوٹنے والے جعلساز کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نیب کے انٹیلی جنس ونگ نے لاہور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا،ملزمان کی شناخت اویس ظہور اور عامر ظہور کے نام سے ہوئی،ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں،جن کو جعلی چیئرمین نیب اور اہم افسران بن کر سادہ لوح شہریوں کو بلیک میلنگ اور بھاری رقوم وصول کرنے کے لزامات میں گرفتار کیا گیا۔ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور کیخلاف نیب کے سینئر افسرکا نام استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اور غیر ضروری دباﺅ ڈالتے ہوئے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔جن پر نیب کے اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے احکامات صادر کئے گئے۔دونوں سگے بھائی اب تک لوگوں کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے اکٹھے کر چکے ہیں،نیب کےانٹیلی جنس ونگ نےان احکامات پرباقاعدہ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ملزمان کومزید تحقیقات کیلئے تھانہ چونگ کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے اس قبل بھی متعدد جعلی نیب افسران کو گرفتار کیا ہے۔نیب لاہور کی جانب سے اس ضمن میں آگاہ کیا جاتا ہے کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا شکایت کی صورت میں نیب انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان نیب سے فوری رابطہ کیا جائے۔