لاہور(وقائع نگار)این اے 123 سےوزیر اعظم شہباز شریف کی کامیابی،الیکشن کمیشن سے اہم خبر آ گئی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی کامیابی کے خلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور کے حلقہ این اے 123 میں شہباز شریف کی کامیابی کے خلاف درخواست پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ کے وکیل نے دلائل دیے کہ فارم 45 کے مطابق این اے 123 سے افضال عظیم جیت چکے ہیں۔ممبر نثاردرانی نے ریمارکس دیے کہ اس نشست پر تو شہباز شریف جیتے ہوئے ہیں۔ممبر اکرام اللہ خان نے استفسار کیا کہ شہباز شریف نے یہ نشست چھوڑ تو نہیں دی؟جس پر کامیاب آزاد امیدوار کے وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف اس نشست پر وزیر اعظم کا حلف اٹھا چکے ہیں ۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 123 میں شہباز شریف کی کامیابی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
