اسلام آباد(عدالتی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی آڈیو لیکس کے کیس میں چیئرمین پی ٹی اے کو دوبارہ طلب کرلیااور مزید سماعت14 مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس بابر ستار کی عدالت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کی جانب سے وکیل عرفان قادر ایڈووکیٹ نے بتایاکہ درخواستوں گزاروں کی استدعا کے مطابق یہ کیس غیرمثر ہو چکا، اسے نمٹا دیا جائے۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت کے سامنے دو الگ درخواستیں ہیں اور وکیل سے دریافت کیا کہ چیئرمین پی ٹی اے کہاں ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ چیئرمین پی ٹی اے بارسلونا گئے ہوئے ہیں، تین چار دن میں واپس آ جائیں گے۔ وکیل عرفان قادر نے مزید کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے قانونی رکاوٹ موجود ہے، اس پر جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ پہلے تو پی ٹی اے نے کہا تھا کوئی لیگل مداخلت موجود نہیں ہے تو پھر تو پی ٹی اے کو پہلے جمع کرایا جواب واپس لے لینا چاہیے ؟ اس پر پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے تو ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔ بعد ازاں جسٹس بابر ستار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے کو حکم دیا تھا کہ بیان حلفی جمع کرائیں، پہلے پی ٹی اے نے کچھ اور جواب دیا، اب کچھ اور کہہ رہے ہیں، کیا چیئرمین پی ٹی اے نے اپنا بیان حلفی جمع کروا دیا ہے؟ میں پی ٹی اے کا وکیل رہا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ قانونی مداخلت موجود ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ٹیلی فون آپریٹرز عدالت میں آ کر جھوٹ بول دیں۔
