حیدرآباد(فارن ڈیسک ) بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں کاروبار کرنے والی ایک خاتون نے بات چیت اور شادی کرنے سے انکارپر مقامی میوزک چینل کے اینکر کو اغوا کروالیا۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے رشتہ کرانے والی ایک ویب سائٹ پر ٹی وی اینکر کی تصویر اور پروفائل دیکھ کر ان سے بات چیت شروع کی اور کچھ دنوں بعد خاتون نے اینکر سے شادی کی خواہش ظاہر کردی، خاتون کے شادی کے لیے دبا ڈالنے پر ٹی وی اینکر نے ان کا نمبر بلاک کردیا جس پر خاتون نے اینکر کا پیچھا کرنا شروع کردیا اور ٹریکنگ سسٹم سے لوکیشن کا پتا کرکے کرائے کے غنڈوں کو پیسے دے کر انہیں اغوا کروا کے اپنے دفتر بلوالیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹی وی اینکر نے خاتون کو یقین دہانی کروائی کہ وہ نہ صرف ان سے رابطہ رکھے گا بلکہ شادی کرے جس کے بعد خاتون نے انہیں رہا کردیا۔ آزادی ملنے پر ٹی وی اینکر نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جس پرخاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
