اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے نامزد چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ہمار ا معاہدہ ہو گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کےساتھ معاہدے کے حوالے سے بات ہوئی اور سنی اتحاد کونسل سے معاہدے سے متعلق انہیں کو بریف بھی کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل 50ایم این ایز کی فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائی تھی، آ ج خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں گے، ہم مخصوص نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کریں گے۔امید ہے الیکشن کمیشن ہمیں مخصوص سیٹیں دے گا، ہمارےامیدوارسنی اتحاد کونسل میں شامل ہونگے۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم بارہا کہہ چکے پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 180سیٹیں چیت چکی ،ہم مطالبہ کرتے رہے کہ فارم 45کے مطابق فارم 47بنایا جائے۔ہم الیکشن کمیشن سے صاف شفاف الیکشن کی استدعاکرتے رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکام رہا۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہےکہ فارم 45کے مطابق نتیجہ اخذ کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر صاف شفاف الیکشن ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ اور وہ اب متنازعہ ہو چکے ہیں۔لہذا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے فوری استعفیٰ دیں۔ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی، انتخابی دھاندلی سے متعلق شفاف تحقیقات کی جائیں۔
