پتوکی(کرائم رپورٹر)ڈکیتی کے دوران شہری کی ہلاکت اور پولیس کے تھانوں کی حدود کے تنازعہ کے بعد پولیس کو آڑے ہاتھوں لینے پر نومنتخب لیگی رہنما کیخلاف ہی مقدمہ درج کرلیاگیا، آئی جی پنجاب پولیس کی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں لیکن پولیس اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی بجائے الٹا متاثرین کی آواز بننے والے نومنتخب رکن اسمبلی کیخلاف ہی مقدمہ درج کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق پتوکی میں دو روز قبل مسلح ڈاکوؤں نے عبدالرشید نامی شہری کو مزاحمت پر قتل کیا، نومنتخب رکن اسمبلی مقتول کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئےپہنچے ، رانا محمد لیاقت نے پولیس افسر کو 7 روز میں ملزمان کی گرفتاری کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر 8ویں روز ملزمان گرفتار نہیں ہوتے تو میں دیکھتا ہوں آپ کیسے حوالات میں بند نہیں ہوتے۔ مقدمہ اندارج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد حیات نے کہا کہ بینک سے پیسے لیکر جانے والے شہری کو دن دیہاڑے قتل کردیا گیا، ڈیڑھ گھنٹے تک عبدالرشید نامی شخص کی لاش کھلے آسمان تلے پڑی رہی، مگر دو تھانوں کی پولیس حدود کا تعین کرتی رہی، حلقے کے دس لاکھ لوگوں کے نے مجھے ووٹ دیکر منتخب کیا عوام کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے پر رپٹ درج کر دی گئی۔
