اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی طاقت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئیں گے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ہم نیوز کے پروگرام ”پاکستان ٹونائٹ ود سید ثمر عباس” میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف سب سے بڑا پارلیمنٹری یونٹ ہے،ہمارے بعد ن لیگ اورتیسرے نمبر پر پیپلز پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی طاقت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئیں گے، ہمیں سابق چیئرمین پی ٹی ا?ئی نے ن لیگ اورپیپلز پارٹی سے بات کرنے سے منع کیا ہے ، ان کے علاوہ باقی دیگر جماعتوں سے ہماری بات چیت کا عمل جاری ہے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارم 45کا مسئلہ حل کرے، کسی کو شک ہے تو میں اپنے حلقے میں دوبارہ گنتی کی آفر کرتا ہوں، تحریک انصاف ہمیشہ عوام کے دم پر جیتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے حوالے سے رائے مثبت نہیں تھی، اور میرے خیال میں بھی پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے ساتھ اتحاد نہیں ہونا چاہئے۔وفاق میں سنی اتحاد کونسل کے ساتھ معاملات فائنل مراحل میں ہیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ الائنس کی منظوری نہیں دی تھی، ایم ڈبلیو ایم ہمارے لیے قابل احترام ،مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ اب ایم ڈبلیو ایم والا معاملہ ختم ہوگیا، صرف سنی اتحاد کونسل کی بات ہے۔
