اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخواہ سے تحریک انصاف کی سینیٹر مہرتاج روغانی نے احتجاجاًسینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ دنیا کے سامنے ناکام ہوکر میں سینیٹ چھوڑ رہی ہوں، اس ایجنڈے میں کوئی نئی چیز شامل نہیں، میں چھ سال سے اپنے بل پر پیش رفت نہیں کرا سکی،مجھے افسوس ہے کہ ہماری باتوں میں وزن نہیں ہو گا۔ پاکستان ٹائم کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے آخری اجلاس میں ارکان نے سینیٹ کمیٹیوں کی کارروائی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران سینیٹر مہر تاج روغانی نے وزارت تعلیم اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تعلیم پر شدید تنقید اور غصے کا اظہار کیا اور کہاکہ اس ایجنڈے میں کوئی نئی چیز شامل نہیں ہے،یہ ہمارے لیئے دکھ کی بات ہے کہ آج بھی سٹوڈینٹس وہیں کے وہیں کھڑے ہیں،دنیا کے سامنے ناکام ہوکر میں سینیٹ چھوڑ رہی ہوں۔ کمیٹی ممبر سینیٹر مشتاق نے کہ پارلیمنٹ عوام کو حق نہیں دے سکا، مجھے دکھ ہے کہ ہم ناکام ہوئے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی عرفان صدیقی نے بھی مایوسی کا اظہار کیا کہ مجھے تو افسوس ہو ریا ہے کہ ہم یہ کام نہیں کرسکے، جس پر نگران وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم 6 سال میں تعلیمی مسائل حل نہ کر سکے۔
