سیالکوٹ (وقائع نگار)معروف سیاستدان عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈار نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 71 سے شکست کے بعد اہم بیان جاری کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحانہ ڈار نے کہا ہے کہ میں الیکشن لڑنے اکیلی نکلی اور مجھے شہر کے بیٹے، بیٹیوں نے بہت عزت دی،میں الیکشن چوری نہیں ہونے دوں گی اور آخری حد تک جاوں گی۔ریحانہ امتیاز ڈار کے بیٹے عثمان ڈار نے اپنے والدہ کی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے سیاست چھوڑی مگر ماں کا ساتھ نہیں چھوڑا ،لوگوں کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ، ہم اپنے حق کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائیکورٹ میں اپنے حق کے لئے پٹیشن دائر کر دی ہے، میں یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ آخر آر او نے رزلٹ جاری کرنے میں 12 گھنٹے کیوں لگائے؟۔9فروری کو شام 5 بجے بغیر دستخط کے فارم 47 جاری کیا گیا۔خیال رہے کہ این اے 71 سیالکوٹ ٹو سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ آصف 1 لاکھ 18 ہزار 566 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ریحانہ امتیاز ڈار ایک لاکھ 272 ووٹ لے کر ہار گئیں۔
