کراچی ، لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن وفاق میں حکومت بنانے کے لیے کوشاں ہے اور ایسے میں مختلف جماعتوں سے رابطے بھی کیے جارہے ہیں لیکن شہبازشریف کے رابطے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مصروفیات کا عذر پیش کردیا اور فوری ملاقات سے گریز کیا۔ ایک بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ رات تک طے کر پائیں گے ہو سکتا ہے وہ آئیں یا ہم چلے جائیں، ن لیگ سے ایک دو روز میں بات چیت کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، میرا خیال ہے شہباز شریف کو یہاں آنا چاہیے، رابطہ ہوا لیکن ہماری مصروفیات ہیں، شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا ارادہ بدلا، ہم تیار تھے، ن لیگ کے لوگوں کے ساتھ ہم نے الیکشن میں تعاون کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس بریف کیس نہیں، بریفسٹیٹمنٹ ہے، جس سے وسائل نچلی سطح پر منتقل کیے جاسکتے ہیں، ہم اس وقت جمہوریت کو ڈی ریل ہوتا دیکھنا نہیں چاہتے۔
