راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو جیل سے رہا کردیاگیا، وہ 9مئی کے مقدمات کے کیس میں الیکشن کے موقع پر جیل میں بند تھے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کیس کی سماعت کی جس دوران پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہ ہوا جبکہ شیخ رشید احمد کے وکلا سردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ شیخ رشید کے وکلا کی جانب سے ضمانت کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی اور بعدازاں شیخ رشید کو عدالتی روبکار پر جیل سے رہا کردیاگیا۔
