خواتین کے ووٹ کے بارے میں فتوی ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ طاہر اشرفی
اسلام آباد (وقائع نگار)نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ و چئیرمین علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے آج علماءو مشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علمائ کونسل کا متفقہ فیصلہ ہے کہ خواتین کا ووٹ شرع کے مطابق جائز ہے۔ خواتین کے ووٹ کے بارے میں فتوی ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا فرض ہے۔ ووٹ ڈالتے وقت عوام کو امیدوار کی اہلیت، وطن سے محبت اور وفاداری کو بھی دیکھنا چاہیے۔ 8 فروری کو عوام اپنا ووٹ تمام شہری خواتین سمیت ضرور اپنا حق جمہوریت استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ علیحدہ ہوتی ہے۔خواتین کا ووٹ ڈالنا ایک امانت اور گواہی ہے اس حوالے سے علمائ کونسل اکابر علمائ کا فتویٰ پہلے سے موجود ہے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ووٹ اور اسکی شرعی حیثیت پر گفتگو اور بحث دیکھی گئی جس میں خواتین کے ووٹ کے حوالے سے مختلف باتیں چل رہی تھیں۔ پاکستان میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کے لئے علیحدہ پولنگ اسٹیشن اور اسٹاف بھی خواتین کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان میں ملاقاتیں کیں اس کی تائید کرتے ہیں اس معاملے میں آرمی چیف سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ تشریف لائے اور انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں۔ ایران پاکستان کے حوالے سے جو اعلامیہ جاری کیا گیا اس کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے سب کو ملکر اسکا مقابلہ کرنا ہوگا۔فلسطین کا ایشو چل رہا، اسرائیل ظلم کر رہا ہے۔امت مسلمہ کو اس وقت وحدت کی ضرورت ہے۔ہم چاھتے ہیں مسئلہ فلسطین کا جلد از جلد حل ہو۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کی پیش نظر پاکستان کی سیاسی قیادت کو مل بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا چاہیے۔سب کو کوشش کرنی ہوگی کہ پاکستان کے اندر جمہوریت اور عدل انصاف پروان چڑھے۔ عدالتوں کو اپنا کام کرنے دیا جائے۔عدالتوں نے نواز شریف اور آصف زرداری کو بھی سزا سنائی تھیں۔