سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا سنائے جانے پر مریم نواز نے بھی بیان جاری کر دیا

سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا سنائے جانے پر مریم نواز نے بھی بیان جاری کر دیا

ہارون آباد(وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے، نواز شریف کو جب سزا ہوئی تو سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مٹھایاں بانٹیں، لیکن ہم نے عمران خان کو 10 سال کی سزا ہونے پر کوئی مٹھائی نہیں بانٹی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ہارون آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج ہارون آباد نہ آتی تو کیسے دیکھتی ہارون آباد نواز شریف سے کتنی محبت کرتا ہے، جب بے روزگار کے پاس نوکری نہیں ہوگی تو اسے نواز شریف یاد آتا ہے، جانتی ہوں، جب آپ کی روٹی مہنگی ہوتی ہے توعوام کا ہمدرد قائد مسلم لیگ ن ہی سب کو یاد آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم کر دیں گے، آج وہی نواز شریف ہے وہی عوام کا سمندر ہے، آپ کی قائد ن لیگ سے محبت کم نہیں ہوئی، 4سال کی دوری نے محبت مزید بڑھا دیا ہے۔کسی نے تصویر بھیجی، جب پانامہ میں سزا ہوئی تو مٹھائی کھلائی جارہی تھی، لیکن میں یہ پوچھنا چاہتی ہوں نواز شریف کو سزا کس بات پر ہوئی؟ آج چیئرمین تحریک انصاف کو سزا ہونے پر نواز شریف نے تو کوئی خوشیاں نہیں منائیں۔نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جرم مذاق نہیں تھا بلکہ سنگین جرم کیا ہے ، اس نے جھوٹ بولا اور قومی سلامتی سے کھیلا۔ نواز شریف سامنے بیٹھے ہیں،3بار وزیر اعظم رہے، میں یہ پوچھتی ہوں کہ تین بار وزیر اعظم بنایا گیا، تینوں بار آدھی ادھوری حکومت سے نکالا گیا۔کیا ایک بار بھی نواز شریف نے قومی سلامتی سے کھیلا؟ 3بار کے وزیر اعظم کے دل میں سینکڑوں راز ہوتے ہیں۔ جیلوں میں ڈالا گیا، قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔مریم نواز نے کہا کہ کسی ایک نے بھی نواز شریف کو چھوڑا،؟ لیکن سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اس کے اپنے چھوڑ کر چلے گئے، اس نے ملک کے ساتھ کھیلا، یہ کوئی سیاسی مقدمہ اور سیاسی سزا نہیں ہے ، اور نہ ہی یہ سیاسی جماعت ہے۔کیا سیاسی جماعتیں ملک پر حملہ کرتی ہیں؟ کیا پولیس پرپٹرول بم پھینکتی ہیں ؟ یہ سیاسی جماعت نہیں ، اس کے ساتھ دہشتگردوں کی جماعت والا سلوک ہونا چاہیے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والے کچھ اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچے ، کچھ گھر میں بیٹھ کر ٹی وی پر دیکھ رہے ہوں گے ، وہ سمجھتے تھے ظلم و جبر سے نواز شریف گھبرا جائے گا اور کہے گا سیاست نہیں کروں گا۔کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم کر دیں گے ، آج وہی قائد آپ میں موجود ہے اور محبت کرنے والا عوام کا سمندر سامنے ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ رچایا اور ملک کی سلامتی سے کھیلا ، کیا سیاسی جماعتیں اپنے اداروں پر حملہ کرتے ہیں ؟ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا دور کرپشن کو دور تھا۔ ثاقب نثار نے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ میں پرانی باتیں نہیں کروں گی ،8فروری کو الیکشن ہے، نواز شریف کے دور میں گیس ، بجلی اور موٹر ویز جیسے بڑے منصوبے بنے ، آپ کا ووٹ صرف ایک پرچی نہیں اس نے تقدیر اور آپ کی نسلوں کا فیصلہ کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں