شہیدوں کوسیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں:خواجہ آصف

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ شہیدوں کوسیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں، منفی مہم چلانےوالوں کی باقاعدہ سرپرستی کی جاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران کی شہادت پرقوم افسردہ ہے،فوجی افسران نے امدادی کارروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کیا، دفاعی اداروں کےخلاف مذموم مہم قابل مذمت ہے، سیاست کبھی اتنی نہیں گری تھی جتنی آج گری ہے، دشمن پاکستان کو کمزورکرنا چاہتا ہے، منفی پراپیگنڈے سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں قوم پر ایک شخص کومسلط کیا گیا،یہ ادارے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، گالم گلوچ احسان فراموش لوگوں کا کام ہے،ہمارا معاشرہ ایسا نہیں تھانہ ہماری ایسی سیاسی روایات ہیں، پہلے تنقید ہوتی تھی تو ایک دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کون سا معاشرہ بن گیا، کس نے اس معاشرے کو جنم دیا، اگر اقتدار ان کے پاس ہے تو سب اچھا ہے، رواداری کوفروغ دیناچاہیے،سیاسی کلچرکوتباہ نہ کریں، میری دانست میں تمام حدیں پار ہوئی ہیں، کارروائی کا مطالبہ کروں گا تو کہا جائے گا سیاسی انتقام لے رہا ہے، اس کیلئے ادارے موجود ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کیلئے شہید ہونے والے ہمارے محسن ہیں،صدرمملکت نے اگرجنازے میں شرکت کومناسب نہیں سمجھاتویہ ان کامعاملہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں