پشاور، کراچی (نمائندگان پاکستان ٹائم) تحریک انصاف کے سابق وزیر مراد سعید نے ٹکٹ واپس کردیا جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل زیرسماعت تھی جس دوران ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے ٹکٹ واپس کردیا ہے جس کے بعد عدالت نے درخواست نمٹادی ۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ نے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی آئینی درخواستیں منظور کرلیں،درخواست گزاروں نے ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹربیونل کی طرف سے کاغذات نامزدگی مستر ہونے کے خلاف عدالت سے رجوع کیاتھا ۔ فیصلہ آنے کے بعد اعتراض کنندہ سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
