لاہور(نمائندہ خصوصی) پاک ایران کشیدگی کے تناظر میں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے ایرانی حکومت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ ایرانی جارحیت قبول نہیں، ایرانی حکومت پاکستان سے معافی مانگے،پاکستان کی سالمیت کو کوئی چیلنج کرے گا تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے افسوسناک اور غم ناک لمحہ تھا،ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے، اس کی طرف سے جو ہوا اس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، ایران کو دہشت گردی کے مقامات کی معلومات شیئرکرنی چاہیے تھی، تمام اسلامی ملکوں نے پاکستان کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو سوچنا چاہیے کہ غزہ میں جنگ کے دوران ایسا کیوں کیا؟ ایسے میں ایران کی طرف سے ایسے اقدامات ’امت کی وحدت کو پارہ پارہ‘ کرنے کے مترادف ہیں۔
