لاہور (سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق پاکستان میں الیکشن انتہائی ضروری ہیں۔پورے ملک میں قومی و صوبائی حلقوں سے امیدواران کو الیکشن کے میدان میں اتارا ہے۔ پاکستان کی عوام سابقہ سیاسی جماعتوں سے مایوس ہوچکی ہے۔ عوام نئے چہروں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں موجود غربت اور معاشی بحران کی ذمہ دار وہ تمام سیاسی جماعتیں ہیں جو اقتدار میں رہی ہیں۔ ان سیاسی جماعتوں کا وطیرہ ہے کہ یہ صرف انتخابات کے دنوں میں پاکستان کو لوٹنے کے لیے متحرک ہوتی ہیں۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ ان تمام سیاسی جماعتوں کی راہ میں رکاوٹ بنے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ پورے ملک سے امیدوار میدان میں اتار چکی ہے۔عوام روایتی سیاست اور روایتی سیاستدانوں سے ناامید ہوچکے ہیں۔ عوام محب وطن اور دیانت دار قیادت کو دیکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہماری سیاست خدمت انسانیت کا منشور لے کر سیاست کے میدان میں آئی ہے۔ہم قوم کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کے سفر پر گامزن کریں گے۔انہوں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پاکستان میں الیکشن ہونگے۔
