لاڑکانہ(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمینبلاول بھٹو زرداری نے دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ملکر عام انتخابات میں سیاست کرنے کی دعوت د ے دی اور ساتھ ہی واضح کیا کہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ زیرغور نہیں۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ، لاہور، قمبرشہداد کوٹ سے کاغذات جمع کرائے ہیں، عوام مہنگائی کے باعث مشکل میں ہیں، تاریخی معاشی بحران ہے، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان یا کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے،ہمارا مقابلہ بیروزگاری، غربت ، معاشی بحران اور مہنگائی کے طوفان سے ہے،70فیصد آبادی کی نمائندگی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف پہنچانا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا،میں نے تو کہا تھا کہ سیاسی قائدین کے ساتھ تو اعتراضات ہوسکتے ہیں لیکن سیاسی کارکن کا کسی بھی جماعت سے تعلق ہو ان کی عز ت کرتے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا کام کریں،ہم دیگر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو پیپلزپارٹی کے ہمراہ سیاست کرنے کی دعوت دیتے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی کا تمام سیاسی جماعتوں کو پیغام ہے کہ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے،ہم دیگر سیاسی جماعت کے کارکن کے ساتھ ملکر الیکشن پر کام کریں گے۔
Enter