اسلام آباد(وقائع نگار) گلگت بلتستان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما ڈاکٹر محمد زمان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
”پاکستان ٹائم”کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے رہنما ڈاکٹر محمد زمان نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر محمد زمان نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔دوسری جانب سابق رکن قومی اسمبلی سید فیض الحسن شاہ اور چودھری ارشد نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔سید فیض الحسن شاہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور 9 مئی کے ذمہ داران جو بھی ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے۔ پی ٹی آئی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری ارشد کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ ہم سیاستدانوں پر بوجھ ہے اس لیے سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں ںے کہا کہ میں کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کروں گا اور نہ ہی انتخابات میں حصہ لوں گا۔
