کراچی، اسلام آباد (کامرس رپورٹر )ڈالر کی سمگلنگ کے خلاف حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، ایک طرف پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قد ر میں مزید کمی ہوئی ہے تو دوسری طرف ایف آئی اے ابتک 90 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرا چکی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 91 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے، اس سے ایک اور قبل کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 51 پیسے پر بند ہوا تھا۔ ادھرکارروائیوں کے دوران ملک سے بیشمار سمگلروں کی گرفتاری اور ڈالروں کی برآمدگی عمل میں لائی گئی۔بزنس ریکارڈر کے مطابق اگست کے اعدادوشمار کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 7.6 ارب تک گر چکے تھے تاہم ستمبر کے ایکشن کے بعد ایف آئی اے نے 90 کروڑ ڈالر سے زائد اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے، ایکشن کے تیسرے روز ہی روپے کی قدر 7 فیصد بڑھ گئی۔
