اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی ترجمان روف حسن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا ایک جعلی اور من گھڑت سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل انصاف کا سفاکانہ قتل ہے،ریاست کے لئے یہ کیس بے عزتی اور بے شرمی کا مقام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انصاف ہاﺅس پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے روف حسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایک جعلی اور من گھڑت سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل انصاف کا سفاکانہ قتل ہے،جیسا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مبینہ ”مجرموں“ کے خلاف ناقابلِ مواخذہ شواہد موجود ہیں تو استغاثہ اور ان کے سرپرست اوپن ٹرائل کرانے سے خوفزدہ کیوں ہیں تاکہ اس ملک کے عوام کو بھی اس بھیانک ڈرامے کی حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے؟یہ حقیقت ہے کہ سائفر کو پوری کابینہ نے ڈی کلاسیفائی کر دیا تھا جو اس کیس کے تابوت میں کیل ٹھونکنے کے لیے کافی ہے کیونکہ اس کے بعد سائفر میں موجود معلومات کو’خفیہ’قرار نہیں دیا جا سکتا۔اس کے باوجود کینگرو ٹرائل شروع ہو چکا ہے کیونکہ ایجنڈا صرف عمران خان کو راستے سے ہٹانا ہے جس نے پاکستان کی خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کے حق کا پورے عزم سے دفاع کیا،ایسے لوگوں کو آج کل غداری کا مرتکب ٹھہرایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لئے یہ کیس بے عزتی اور بے شرمی کا مقام ہے،انصاف کے حتمی عروج سے انکار نہیں کیا جا سکتا جو بالآخر دھوکہ پر مبنی قانون سازی کے منصوبہ سازوں اور مجرموں کے تابوت میں کیل ثابت ہو گا،عمران خان غالب آئے گا،پاکستان غالب آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں : 9 مقدمات میں عمران خان کی ضمانتیں بحال ،اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری