لندن(نمائندہ خصوصی ) سابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ کارکن استقبال کی تیاری کریں، نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئینگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کاکہناتھاکہ محسن عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا، نواز شریف آئندہ ماہ 21 اکتوبر بروز ہفتہ لاہور لینڈ کریں گے،وطن آمد پر ان کافقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی لندن میں حسن نواز کے دفتر میں اہم میٹنگ ہوئی، ملاقات میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف، ملک احمد خان نے شرکت کی۔میٹنگ میں نواز شریف کی پاکستان واپسی پر قانونی رکاوٹیں اور الیکشن کے علاوہ دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔
