اسلام آباد (وقائع نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹلی حق نواز چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں،بجلی کے بلوں میں عائد اضافی ٹیکسز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،اب شہری بل جمع کروا رہے ہیں،سرکاری اداروں میں ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام نافذ کردیا گیا ، پانچ سال سے زیر التواء کیسوں کے فیصلے کردیئے گئے ہیں،بحیثیت کلکٹر تین سو سے زائد کیسوں کے فیصلے صرف دس ماہ میں کئے ہیں،شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بائی پاس روڈ اور واٹر سپلائی کی بڑی سکیم زیر غور ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مجھے گرفتار کرانے میں میرے قریبی حکومتی رفقاء کا ہاتھ،علی شان سونی نے پولیس حراست میں دبنگ اعلان کر دیا
”پاکستان ٹائم “کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حق نواز چوہدری نے کہا کہ بجلی کے بلات کا ایشو پورے ملک میں چل رہا ہے تاہم اس مسئلہ کو احسن انداز میں حل کر لیا گیا ہے،اضافی ٹیکسز کو معطل کرنے سے شہری اب بل جمع کرا رہے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل کر رہے ہیں، بنیادی دستاویزات کے حصول اور دیگر مسائل کے لئے دفاتر میں آنے والے شہریوں کو چکر لگوانے کی بجائے فوری طور پر ان کی درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت ڈسرکٹ کلکٹر روزانہ کی بنیاد پر کیسوں کی سماعت کرتا ہوں اور گزشتہ دس ماہ کے دوران تین سو سے زائد کیسز نمٹائے گئے اور ان میں ایسے کیسز بھی شامل ہیں جو گزشتہ پانچ سالوں سے زیر التواء تھے۔انہوں نے کہا کہ اپنے اختیارات سب ڈویژنل مجسٹریٹ کو تفویض کر دیئے ہیں تاکہ شہریوں کے معمولی نوعیت کے کیسز ان کے علاقوں میں ہی سنے جائیں،کوٹلی شہر کے لئے بائی پاس روڈ زیر غور ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کا دباﺅ کم ہو سکے جبکہ پانی کا بنیادی مسئلہ حل کرنے کے لئے گریٹ واٹر سپلائی سکیم کی منظوری کے لئے کوشاں ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہر کا ماسٹر پلان مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ انسداد تجاوزات اور سیوریج کے مسائل بھی حل کر رہے ہیں،کسی کا جائز کام رکتا نہیں جبکہ ناجائز کام نہیں ہوتا،شہریوں کو چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں۔