لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی سکواش پلیئر حمزہ خان نے 37 سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتوا کر تاریخ رقم کر دی،حمزہ سے قبل 1986 میں جان شیر خان نے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان،جہانگیر خان اور جاوید آفریدی سمیت دیگر نے حمزہ خان کا شاندار کامیابی اور عالمی اعزاز پاکستان کے نام کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے تہنتی پیغامات جاری کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انضمام الحق نے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کی فیورٹ ٹیم کا نام بتا دیا
”پاکستان ٹائم “کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ نے مصر کے محمد ذکریا کو تین – ایک سے شکست دی۔ حمزہ خان کی جیت کا سکور 12-10، 12-14، 3-11 اور 6-11 رہا۔اس سے قبل سیمی فائنل میں حمزہ نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو تین دو سے شکست دی،حمزہ اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان میچ 81 منٹ جاری رہا تھا۔حمزہ خان نے کوارٹر فائنلز میں ملائیشیا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔حمزہ خان کی شاندار فتح پر عمران خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ خان کو 37 سال بعد پاکستان کے لیے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد،پوری قوم کو ان کے اس کارنامے پر فخر ہے۔دوسری طرف پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے جونیئر سکوائش چیمپئن حمزہ خان کو 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ خان کی جانب سے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے پر پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،قوم کو حمزہ خان کی کامیابی پر فخر ہے۔
شہنشاہ سکواش جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ جونیئر سکواش کے عالمی چیمپیئن شپ میں حمزہ خان کی کامیابی سکواش کے لیے خوش آئند ہے،پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے،حکومت کو چاہیے کہ وہ سکواش کے کھیل پر توجہ دے،فیڈریشن میں نااہل لوگ بیٹھے ہیں،فیڈریشن میں بیٹھے لوگوں کو ریکٹ پکڑنا بھی نہیں آتا،حمزہ کو فیڈریشن کی جانب سے کوئی سپورٹ نہیں بلکہ پاکستان آرمی نے کوچز دیئے ہوئے ہیں۔