اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے عالمی پارلیمانوں سے رابطے کے لیے خط بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،اس سے تمام عالم اسلام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام واقعے پر شدید رنجیدہ ہیں،سویڈن حکومت فوری ایکشن لے،آزادی اظہار رائے کی آڑ میں جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،نفرت انگیز حرکتیں بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔صادق سنجرانی نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں،دوسری جانب سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر سعودی عرب،مصر،عراق،کویت،شام، لبنان،متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کا سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہنگامی اجلاس بھی جاری ہے۔
