سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی،پاکستان بھی میدان میں آ گیا

اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان نے سویڈن میں ایک بار پھر مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کی بے حرمتی اور قابل نفرت عمل کی شدید مذمت کی ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان سویڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک بے حرمتی کرنے کی مذمت کرتا ہے، اظہار رائے اور احتجاج کی آزادی کے نام پر امتیازی سلوک، نفرت اور تشدد کے لیے اس طرح کی جان بوجھ کر اکسانے کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا،بین الاقوامی قانون کے تحت تمام ممالک پر فرض ہے کہ وہ مذہبی منافرت پر مبنی ایسے واقعات کو روکیں جو تشدد بھڑکانے کا باعث بنتے ہیں، مغربی ممالک میں پچھلے چند مہینوں کے دوران اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات اس قانونی فریم ورک پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں جو نفرت پر مبنی ایسی کارروائیوں کی اجازت دیتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے کا حق کسی کو بھی نفرت کو ہوا دینے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو سبوتاڑ کرنے کا لائسنس فراہم نہیں کرتا ہے، واقعے پر پاکستان کے تحفظات سویڈن تک پہنچائے جا رہے ہیں۔دفتر خارجہ نے بین الاقوامی برادری اور قومی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ زینوفوبیا، اسلاموفوبیا اور مسلم مخالف نفرت کے بڑھتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قابل اعتماد اور ٹھوس اقدامات کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن کریم کو پولیس کی نگرانی میں نذر آتش کرنے کی مذموم اور ناپاک جسارت کی تھی ۔

یہ بھی پڑھیں:سویڈن کی عدلیہ نے عید کے روز توہین قرآن کی اجازت دے دی،پوری مسلم امہ میں اشتعال پھیل گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں