نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کی وجہ سے ہوٹلوں کےکرائے 10 گنا بڑھ گئے تاہم دوسری طرف اگر پاکستان کو احمد آباد میں کھیلنے کی اجازت نہ ملی تو پاک بھارت ٹاکرے کے لیے وینیو تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل بھی آگیا
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کی وجہ سے احمد آباد میں ہوٹلوں کی بکنگ مشکل ہوگئی ہے اور کرایوں میں ایک لاکھ روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت میچ 15 اکتوبرکو احمد آباد میں شیڈولڈ ہے، جب سے پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ اور وینیو کا اعلان ہوا ہے تب سے احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، متعدد ہوٹلوں کی ویب سائٹس پر ہوٹلوں کے کمروں کےکرائے میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، احمد آباد میں ہونے والے میچ میں کرکٹ شائقین کی غیر معمولی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، عام دنوں میں پانچ ہزار روپے میں ملنے والا کمرہ اب چالیس ہزار روپے میں بک ہو رہا ہے جب کہ لگژری ہوٹلز میں کمروں کا کرایہ ایک لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
دوسری طرف بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے انکشاف کیا ہے کہ اگر پاکستان کو احمد آباد میں بھارت کے خلاف کھیلنے کی اجازت نہ ملی تو اس مقابلے کے لیے وینیو کو تبدیل کرنے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر پاکستانی حکومت پاکستانی کرکٹ ٹیم کو احمد آباد میں بھارت کے خلاف کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی تو پھر یہ مقابلہ چنئی میں ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے احمد آباد میں کھیلنے پر مسلسل تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں فائنل میچ کے علاوہ کوئی اور میچ نہیں کھیل سکتا لیکن پی سی بی کے تمام تر تحفظات کے اظہار کے باوجود بھی آئی سی سی کی جانب سے منگل کو بھارت میں اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان ہوا تو اس کے مطابق ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا سامنا احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں 15 اکتوبر کو ہوگا۔