اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے بھائی راجہ عمران اشرف کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی تضحیک کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیے لیا اور نگران وزیر اعلیٰ،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی،یادرہے کہ وہ پہلے ہی معذرت کر چکے ہیں۔
پاکستان ٹائم کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے بھائی کی ویڈیو کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے،الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اگر نگران حکومت پنجاب کی جانب سے فوری طور پر کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو الیکشن کمیشن قانون کے مطابق مداخلت کرے گا۔یادرہے کہ راجہ عمران اشرف نے پولیس افسر کو انتہائی تحقیر آمیز لہجے میں بلایا تھا اور واضح کیا تھا کہ ان کی وجہ سے ہی گوجر خان میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی کوئی گرفتار ی نہیں ہوئی،راجہ عمران اشرف نے کہا تھا کہ مخالفین کی سیاسی بنیاد پر کوئی گرفتاری نہیں ہو گی۔بعد میں انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں پولیس افسران سے بھی معافی مانگی تھی۔