اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں قومی توانائی بچت پلان کے تحت ملک بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس اقدام سے سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہوگی،ورکنگ خواتین میں 22 ہزار سکوٹیز بھی تقسیم کی جائیں گی۔
پاکستان ٹائم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، پنجاب، خیبر پختونخوا کے نگران وزرا اعلی اور سندھ کے وزیر اعلی نے شرکت کی، بلوچستان کے وزیر اعلی شریک نہیں ہوئے، این ای سی اجلاس میں آئندہ بجٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی اور نئے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں قومی توانائی بچت پلان پیش کیا گیا جس کے تحت مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہوا، اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کیلئے 2 ہزار 700 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی گئی ہے، جن میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے 950 ارب روپے جبکہ 55 ارب روپے ایکسٹرنل فنانسنگ کے شامل ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی بچانے کیلئے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، کمرشل ایریا رات 8 بجے بند ہوں گے، انرجی کی بچت کیلئے صوبائی حکومتیں عملدرآمد کرائیں گی، امریکا، یورپ، چین میں کمرشل ایریاز کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوتی، توانائی کی بچت سے ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے۔