عثمان بزدار نے بھی پریس کانفرنس کردی

کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما سردار عثمان بزدار نے سانحہ 9 مئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ساڑھے تین سال پنجاب کے عوام کی خدمت کی،میرا ضمیر مطمئن ہے ،پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں،سیاست سے دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے”وسیم اکرم پلس“ کہلانے والے سردار عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر ملک کا سوچنا چاہئے،ہم نے ہمیشہ سیاست میں شرافت کا انداز اپنایا ہے،ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں 14ماہ سے مختلف مقدمات میں پیشیاں بھگت رہا ہوں، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان کے لئے بہتر نہیں تھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں،جن تنصیبات کو آگ لگائی گئی وہ ملکی ادارے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو ریلیف دیا جائے اور انہیں رہا کیا جائے،ان کے ساتھ نرمی کا معاملہ کیا جائے۔واضح رہے کہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تین سال سے زائد عرصے تک وزیر اعلیٰ پنجاب رہے اور پی ٹی آئی میں بھی اکثر ان کی کارکردگی سے متعلق اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہیں تاہم عمران خان انہیں اپنا ”وسیم اکرم پلس“ قرار دیتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں