لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی ہو گئی، کنگ چارلس سوئم برطانیہ کے 40ویں بادشاہ بن گئے۔بادشاہ چارلس کی حلف برداری میں آرچ بشپ آف کینٹربری نے حلف لیا جس کے بعد بادشاہ چارلس نےحلف نامے پر دستخط کردیے۔برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے سینٹ ایڈورڈ چیئر سنبھال لی اور انہیں تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہنا دیا گیا، آرچ بشپ نے بادشاہ چارلس کوکنگ ایڈورڈ تاج پہنایا۔بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی آج ویسٹ منسٹرایبے میں ہوئی،وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق دولت مشترکہ کے رکن ممالک سمیت دنیا بھر سے عالمی رہنماتقریب میں شریک ہوئے، گزشتہ 70سال کے دوران تاج پوشی کی یہ پہلی تقریب تھی۔بادشاہ چارلس سوئم اور ان کی اہلیہ ڈائمنڈجوبلی اسٹیٹ کوچ نامی بگھی میں روانہ ہوئے،روٹ کے دونوں جانب عوام نے کنگ چارلس اوران کی اہلیہ کا خیرمقدم کیا۔29ہزار پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے، کنگ چارلس سوئم کو تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنایا گیا، تاج پوشی کے بعد ملک بھر میں بگل بجائے گئے۔2گھنٹے تک جاری رہنے والی تاج پوشی کی تقریب میں 2ہزار300افراد شریک ہوئے، شاہ چارلس سوئم نے برطانیہ کے بادشاہ کی حیثیت سے حلف لے کر حلف نامے پر دستخط کئے۔بادشاہ چارلس14 نومبر1948کو پیداہوئے اور انہیں 1969 میں باقاعدہ طور پر پرنس آف ویلز بنایاگیا جبکہ بادشاہ چارلس نے فوجی خدمات بھی انجام دیں۔بادشاہ چارلس نے پہلی شادی 1981میں آنجہانی پرنسس آف ویلز ڈیانا سےکی اور پھر بادشاہ چارلس کمیلا پارکر کےساتھ2005 میں رشتہ ازدواج میں بندھے۔بادشاہ چارلس کے دوبیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ہیں، بادشاہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم کو اب پرنس آف ویلز کا اعزاز عطا کردیا گیا ہے۔چارلس گزشتہ سال ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بن گئے تھے۔