ٹیکس کی وصولی،اسحاق ڈار کی ایف بی آر کو اہم ہدایات جاری

اسلام آباد(وقائع نگار)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے کوششیں بڑھائے۔
”پاکستان تائم“ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی کا اجلاس ہوا جس میں معاونین خصوصی طارق باجوہ،طارق محمود پاشا اور چیئرمین ایف بی آر سمیت فنانس ڈویڑن کے سینئر افسران شریک ہوئے۔چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے جولائی 2022 تا مارچ 2023 ریونیو اہداف اور کارکردگی پربریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایف بی آرمالی سال 2022-23 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف پورا کرنے کی کوشش کرے اور ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے کوششیں بڑھائے۔دوسر طرف وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چین کی ناظم الامور پینگ چنگ سو نے ملاقات کی ہے۔وزارت خزانہ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کےلیے چین کی حمایت کو سراہا۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔ چین کی ناظم الامور نے وزیر خزانہ کو چینی حکومت کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور متعدد شعبوں میں جاری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں