اٹک(سٹاف رپورٹر)14مئی کو ہونے والے انتخابات میں پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے پر اٹک سے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما و سابق میئر میجر طاہر صادق کا بڑا بیان سامنے آ گیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر جاری پیغام میں میجر(ر)طاہر صادق نے کہا کہ جنرل الیکشن 2018 میں حلقہ پی پی 3 (اب PP2) کی سیٹ میں نے تقریباً 30ہزار ووٹوں کی لیڈ سے جیتی تھی، اس مرتبہ بھی کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن چونکہ عمران خان چاہتے ہیں کہ سینئرقیادت وفاق سے ہی انتخاب لڑے تو اپنے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جو خان کا فیصلہ، وہی ہماراہے۔دوسری طرف سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی کارکنوں کو ٹکٹ جاری کیے جانے کے بعد عید الفطر کے پہلے روز سے دوبارہ جائزہ لینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ میں آج بروز ہفتہ سے پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے دی جانے والی ٹکٹوں کا دوبارہ نظر ثانی کروں گا، یہ سلسلہ 26 اپریل تک جاری رہے گا، مذکورہ نام چار رکنی کمیٹیوں کی جانب سے مجھے بھیجے گئے تھے۔اپنے دوسرے ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو اغواءاور حراست کے بعد جس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے، اسے ذلیل کرنے اور ذہنی طور پر اذیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، علی امین گنڈا پور کے ساتھ ایسا صرف اس لیے کیا جا رہا کہ وہ ہماری پارٹی کے نظریاتی کارکن ہیں جو ہمارے کارکنوں کو پسند ہیں، اس طرح کے سوچے سمجھے بغیر تشدد میں ملوث افراد کو احساس نہیں ہوتا کہ وہ صرف اپنی تذلیل کروا رہے ہیں، ریاست اور قوم کے درمیان خلیج کو بڑھا رہے ہیں، ایسا مشرقی پاکستان والوں کے ساتھ بھی کیا گیا تھا۔
