اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنی”سنگین غلطیوں“کا اعتراف کرتے ہوئے اہم سوالات اٹھا دیئے اور کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی عقیدے اور نظریے پر سوچنے پہ مجبور کیوں کیا جا رہا ہے؟میں نے 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کرا کے اقتدار اور اختیار نچلی سطح پر منتقل کرایا،کیا یہ میری غلطی ہے؟کیا یاسین ملک کی آواز بننا غلطی تھی؟سید علی شاہ گیلانی،میر واعظ عمر فاروق،برہان وانی،شبیر شاہ،مسرت عالم اور تحریک آزادی کے اکابرین کی آواز بننا میری غلطی تھی؟حقائق سامنے لانے اور سوالات پوچھنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اہم سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان،بھوٹان،نیپال اور بنگلہ دیش 40 ارب ڈالر صرف گارمنٹس کی ایکسپورٹ میں کماتا ہے جبکہ بنگلہ دیش ایک مرلہ جگہ پر بھی کاٹن نہیں لگاتا،آزاد کشمیر میں بھی فلاحی ریاست کا پوٹیشنل موجود ہے،صرف تین چار سال کے عرصہ میں ایک ایسی فلاحی ریاست بن سکتی ہے جو لوگوں کے خوابوں کی تعبیر ہو۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک پاکستان کو مشیت الہی کہا اور اپنے ایمان کا حصہ قرار دیا لیکن اس ملک میں قائداعظم،لیاقت علی خان،فاطمہ جناح،حکیم سعید جنھوں نے اپنا سب کچھ ملک کیلیے وقف کر دیا،عبدالستار ایدھی کے ساتھ کیا سلوک ہوا؟کشمیر خود پاکستان کا حصہ ہے لیکن میں نے پاکستان نہیں کہا بلکہ اپنی وفاقی حکومت کہا لیکن یہاں ایسے چلنا مشکل ہے،اب ہمیں اپنے سیاسی عقیدے اور نظریے پر سوچنے پہ مجبور کیوں کیا جا رہا؟۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سندھ اور گلگت بلتستان کو کشمیریوں کے قریب لانے کے لئے جی بی اور سندھ ہاوس کی تعمیر کے لئے جگہ دی یہ غلطی ہے؟ 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کرا کے اقتدار اور اختیار نچلی سطح پر منتقل کرایا،کیا یہ غلطی ہے؟بابائے قوم کے مزار پر آزاد کشمیر پولیس کی خدمات پیش کیں،آزاد کشمیر میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اقدامات کیے،کیا یہ غلطی ہے؟کشمیر کے عزت و وقار کی بات کی،کیا یہ غلطی ہے؟یاسین ملک کی آواز بننا غلطی تھی؟سید علی شاہ گیلانی،میر واعظ عمر فاروق،برہان وانی،شبیر شاہ،مسرت عالم اور تحریک آزادی کے اکابرین کی آواز بننا غلطی تھی؟کشمیری جو تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ماوں بہنوں کی قربانیاں دنیا کے سامنے اجاگر کرنا غلطی تھی؟۔سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ اب ہمیں اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے،ہمارا تعلق پونچھ سے ہے،کیا یہ غلطی ہے؟آگے چل کہ ہم روزانہ آپکو مزید ایسی غلطیوں سے آگاہ کریں گے کہ ہم نے کیا کچھ غلط کیا؟اس ایک سال کے عرصے میں وزیر اعظم ہاوس کے تقدس کو چار بار پامال کیا گیا،سٹنگ آپریشنز کیوں کیے گئے؟حقائق سامنے لانے اور سوالات پوچھنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔