کن ملکوں کے کہنے پر آئینی اداروں کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں؟شرجیل میمن کا تہلکہ خیز دعویٰ

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر پاکستان غیر آئینی و غیر اخلاقی کام کر رہے ہیں،انہیں اپنے منصب کا خیال نہیں،بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر آئینی اداروں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق کراچی میں ایک تقریب میں شرجیل انعام میمن نے صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان غیر آئینی و غیر اخلاقی کام کر رہے ہیں،انہیں اپنے منصب کا خیال نہیں،عارف علوی صدر کم اور ٹائیگر فورس کے رکن زیادہ لگتے ہیں،صدر پاکستان کا ریموٹ عمران خان کے ہاتھ میں ہے، عمران کہتا ہے سٹینڈ اپ تو وہ کھڑے ہو جاتے ہیں اور جب عمران کہتا ہے کہ سٹ ڈاؤن تو صدر مملکت بیٹھ جاتے ہیں،البتہ پاکستان کے عوام کو آنکھیں کھولنی چاہئے،ایک گری ہوئی ذہنیت کا لیڈر نفرت کا پیغام پھیلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پارلیمنٹ میں منائی جارہی تھی،پارلیمنٹ ہاؤس ایک آئینی ادارہ ہے،اس سے مقدس ادارہ پاکستان میں کوئی نہیں، جسٹس فائز عیسٰی کی پارلیمنٹ میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت فخر کی بات تھی،تمام معزز جج صاحبان کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی،بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر آئینی اداروں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں،جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی جو کہ ڈوب مرنے کا مقام ہے،یہ سارے وہ لوگ تھے جن کی آنکھیں بند تھیں جب کہ کچھ صحافی بھی سوشل میڈیا پر جسٹس فائز عیسیٰ پر تنقید کر رہے تھے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کون سا مرض سندھ حکومت نے چھوڑا جس کا مفت علاج نہیں ہو رہا؟َمجھے حیدرآباد میں ہارٹ اٹیک ہوا تو این آئی سی وی ڈی گیا تھا،گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ ہمارے کوئی اختلافات نہیں،اگر مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم کی گئی تو پیپلز پارٹی اسے نہیں مانے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں