اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیف جسٹس آف پاکستان کے اختیارات کم کرنے کیلئے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 سینیٹ میں منظور کر لیا گیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک جمع کرائی، سینیٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنےکی اپوزیشن کی تحریک مستردکردی گئی اور بل فوری طور پر منظور کرنے کی تحریک منظور کی گئی۔
اپوزیشن ارکان کی جانب سے سینیٹ میں احتجاج کیا گیا، اپوزیشن کے سینیٹرز چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کے سامنے پہنچ گئے اور عدلیہ پر حملہ نامنظور کے نعرے لگائے۔
اس دوران سینیٹ سکیورٹی نے حکومتی اور اپوزیشن بینچز کے درمیان حصار بنالیا جس کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر منظوری کے لیے پیش کیا گیا، بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، بل کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ آئے ، اپوزیشن نشستوں پر موجود فاٹا اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے و الے سینیٹرز نے بھی بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔
