اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے، عدالت نے سابق وزیر اعظم کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے خلاف تھانہ گولڑہ، تھانہ بارہ کہو، تھانہ رمنا، تھانہ کھنہ اور توشہ خانہ کیس کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی پر درج مقدمات سمیت 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواستوں میں کہا گیا کہ اگر عمران کو گرفتار کیا گیا تو انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہونے کے ناطے یہ خدشہ ہے کہ اگر درخواست گزار کو ضمانت قبل از گرفتاری نہ دی گئی تو ان کے سیاسی مخالفین اپنے مذموم سیاسی عزائم جاری رکھ سکیں گے۔
