ٹینگیرس(سپورٹس ڈیسک)فٹبال میچز کی دنیا میں تاریخی اَپ سیٹ ہو گیا، پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو مراکش کے ہاتھوں دوستانہ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا،خیال رہے کہ قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈکپ میں مراکش نے پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی تھی تاہم انہیں فرانس سے شکست ہوئی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے اہم میچ میں ابتداءمیں کافی سنسنی خیزی دیکھنے کو ملی لیکن مراکش نے 29 ویں منٹ میں مخالف ٹیم پر حاوی ہوتے ہوئے گول داغ دیا۔ برازیل نے میچ میں واپسی کے لیے حریف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کر کے گول کرنے کی کوشش کی تاہم ابتداءمیں کامیابی نہیں ملی، تاہم 67 ویں منٹ میں برازیل کی ٹیم کے کپتان کیسمیرو نے گول داغ کر میچ برابر کر دیا۔میچ کا فیصلہ کن عبدالحمید صابری نے کیا، جنہوں نے برازیل کے گول کرنے کے دس منٹ کے بعد گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔میچ کے بعد برازیل کے کپتان کیسمیرو نے کہا یہ نہیں کہوں گا کہ ہمارے پاس سمجھ کی کمی ہے تاہم اپنے پلان کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہوئے، میرے خیال میں ہم نے اچھا کھیل کھیلا اور جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
