لاہور(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیراطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ کو ”بے شرم“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی عالمی سازش امریکہ سے ہوتی ہوئی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تک آگئی ہے،عمران خان بھیانک سیاسی کاروبار کے لئے کتنی ماوں کی گودیں اجاڑوگے؟سائفر،سائفر کھیلنے والا اب امریکہ سے معافیاں مانگ رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں ایک شخص ملک میں فساد پھیلانا چاہتا ہے،اس نے عدم اعتماد کے وقت اقتدار ہاتھ سے گیا تو سائفر سے کھیلنے کا منصوبہ بنایا،اسے کوئی سروکار نہیں سائفر کے کھیل سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچے گا؟اب سائفر پر امریکا سے معافیاں مانگتا پھر رہا ہے، جب دیکھا کہ اقتدار جانے والا ہے تو اسوقت کے آرمی چیف کو توسیع کی آفر کی،عمران خان نے ملک میں افراتفری کے لئے پولیس پر گولیاں چلوائیں،گوجرانوالہ میں 14سالہ بچہ شہید ہوا اس پر اس شخص نے سیاست کی،ملک میں تباہی ہو لاشیں گریں ،اس شخص کو کوئی سروکار نہیں ، عمران خان بھیانک سیاسی کاروبارکیلئے کتنی ماوں کی گودیں اجاڑوگے؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ڈپٹی سپیکر اور صدر مملکت سے آئین شکنی کرائی،ملک کو بھلے آگ لگ جائے، اس شخص کا اقتدار نہیں جانا چاہئے،اس کی عالمی سازش امریکا سے ہوتی محسن نقوی تک آگئی،عمران خان اتنا بے شرم آدمی ہے،اسی دور میں اس شخص نے کہا کہ ملک کے 4 ٹکڑے ہونے چاہئے،اس نے صحافیوں کی لاشوں پر سیاست کی، اس نے خاتون صحافی صدف،معظم اور گوجرانوالہ میں سمیر احمد کی لاش پر سیاست کی،یہ کتنی ماوں کی گودیں اجاڑے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال ملک کو لوٹا،یہ لوگوں کو خریدتا رہا،سیاسی منڈیاں لگاتا رہا،اقتدار سے نکلنے کے بعد خود کو گولی مروا کر زمان پارک میں بیٹھا رہا اور لوگوں کو سڑکوں پر مرنے کے لیے چھوڑ دیا،علی بلال کی لاش لے جانے کے لئے پی ٹی آئی کے عہدیدار کی گاڑی استعمال ہوئی اور لاش چھوڑنے کے بعد ڈرائیور نے حلیہ بدل کر زمان پارک میں پناہ لی،گاڑی کا مالک راجہ شکیل کیوں زمان پارک میں چھپا ہوا ہے؟یاسمین راشد نے کیوں نہیں بتایا کہ راجہ شکیل کے ڈالے میں لاش لے جائے گئی؟یہ لوگ ظل شاہ کے والد کو کیوں پیسے دیتے رہے؟باپ نے اپنے بچے کی تدفین نہیں کہ اور تم نے اسےزمان پارک بلا لیا،تم نے پولیس کو نہیں بتایا کہ راجہ شکیل زمان پارک میں ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مریم نواز کی آڈیو چلائی گئی،اس آڈیو میں کیا کسی کو قتل کرنے یا کسی سازش کا حکم ہے؟مریم نواز نے تو کہا کہ یہ حادثہ ہوا ہے،وہ چاہتی تو قتل کا الزام لگانے کا کہہ سکتی تھی،انہوں نے تو اپنی تقریر میں بھی نہیں کہا کہ تم قاتل ہو۔