مسلم لیگ ن کا پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا امیدوار کون ہو گا ؟رانا ثنا ءاللہ نے اعلان کردیا


لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، لہٰذا ہمارے نئے وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس اب اکثریت نہیں، یہ اعتماد کے ووٹ کے خلاف عدالت گئی ہوئی ہے، اگر اکثریت ہوتی تو یہ اجلاس بلاتے اور ووٹ لے لیتے، عمران خان 11 تاریخ سے قبل اعتماد کا ووٹ لینے پر بضد ہیں جب کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں، ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، لہٰذا پرویز الٰہی سے مطالبہ ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہوجائیں اور ایوان کو نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا موقع دیا جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ثابت کردیا آج ہمارے نمبر پورے تھے، ہو سکتا ہے کل تک ہماری تعداد 180 ہو جائے، البتہ حمزہ شہباز ہی ہمارے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے، اعتماد کے ووٹ کا اجلاس موجودہ سپیکر کی صدارت میں قبول نہیں کریں گے، چاہتے ہیں اجلاس کسی غیر جانبدار شخص کی زیر صدارت ہو اور ووٹنگ کے روز عدالت مبصر مقرر کرے۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ ملک کو انتشار کا شکار کرنا چاہتے ہیں، ملک عدم استحکام کا شکار رہے گا تو معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوگا، اسلام آباد پر چڑھائی ملک دشمن ایجنڈا تھا، لوگ نہیں آئے تو انہوں نے شرمندہ ہونے کے بجائے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کردیا، جب کہ پی ٹی آئی استعفوں کی طرف جاتی ہے تو نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں